حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے پاکستان میں تعینات جمہوریہ اسلامی ایران کے سفیر رضا امیری مقدم سے گورنر ہاؤس پشاور میں وفد کے ہمراہ ملاقات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ تجارت کا فروغ ہماری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا: شہید صدر رئیسی کا دورہ پاکستان یادگار ہے، پاکستان کی حکومت اور عوام کو ان کی حادثہ میں وفات پر گہرا دکھ ہے۔
صوبہ خیبر پختونخوا کے گورنر نے کہا: بلوچستان کی طرح اگر خیبرپختونخوا میں بھی ایرانی مصنوعات کی مارکیٹ قائم کی جائے تو اس کوبہت پزیرائی ملے گی، تجارتی معاملات کے فروغ میں زائرین کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، حکومت پاکستان اور بلوچستان حکومت زائرین کی تکالیف کے خاتمہ کے لیئے کوشاں ہیں۔
انہوں نے کہا: کوئٹہ تفتان روٹ کی سیکورٹی کے حوالہ سے سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے فیری سروس کی تجویز دی ہے۔
اس موقع پر جمہوریہ اسلامی ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کو بطور گورنر تعیناتی پر مبارکباد دی اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی تعزیت کے لیئے سفارتخانہ اور قونصلیٹ آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔